گل پلازہ سانحہ انتظامیہ کی مجرمانہ نااہلی ،سنی تحریک
جدید فائر فائٹنگ آلات اور تربیت یافتہ عملہ ناگزیر ہو چکا ہے ،ثروت قادری متعلقہ محکموں نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں،بلال عباس، بلال سلیم قادری
کراچی(سٹی ڈیسک)چیئرمین پاکستان سنی تحریک انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری،مرکزی صدر پاکستان سنی تحریک صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری اور مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ علامہ بلال سلیم قادری شامی نے گل پلازہ میں لگنے والی ہولناک آگ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس المناک سانحے پر بروقت قابو نہ پانا متعلقہ انتظامیہ اور محکموں کی صریح نااہلی کا ثبوت ہے ۔ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ آج کے جدید دور میں آگ بجھانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی،جدید فائر فائٹنگ آلات اور تربیت یافتہ عملہ ناگزیر ہو چکا ہے ، مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہاں اب بھی روایتی اور فرسودہ طریقوں سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی جاتی ہے ، جس کے نتیجے میں نہ صرف آگ پھیلتی ہے بلکہ قیمتی انسانی جانیں بھی ضائع ہو جاتی ہیں اور کروڑوں روپے کا مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔
بلال عباس قادری کا کہنا تھا کہ عمارتوں کی تعمیر کے وقت حفاظتی اقدامات،فائر الارم سسٹم، ایمرجنسی ایگزٹ، فائر فائٹنگ آلات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے مکمل انتظامات کرنا متعلقہ محکموں کی بنیادی ذمہ داری ہوتی ہے ، مگر گل پلازہ میں ان حفاظتی انتظامات کا فقدان واضح طور پر سامنے آیا ہے۔ یہ صورتحال اس بات کا ثبوت ہے کہ متعلقہ محکموں نے اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کیں۔کہا کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں،اس سے قبل بھی شہر میں اس نوعیت کے کئی سانحات رونما ہو چکے ہیں۔ ہر بار انکوائریاں بنتی ہیں، کمیٹیاں تشکیل دی جاتی ہیں، مگر افسوسناک امر یہ ہے کہ ان انکوائریوں کا نتیجہ ہمیشہ صفر نکلتا ہے ،نہ کسی کو سزا ملتی ہے اور نہ ہی آئندہ کیلئے کوئی موثر حکمت عملی سامنے آتی ہے۔ بلال سلیم قادری نے وزیراعلیٰ سندھ، وزیر بلدیات اور دیگر اعلیٰ متعلقہ افسران سے مطالبہ کیا کہ وہ محض بیانات اور رسمی کارروائیوں پر اکتفا نہ کریں بلکہ ایسے واقعات کی مستقل روک تھام کیلئے عملی اقدامات کریں۔