اسمال ٹریڈرز کا گل پلازہ کے تاجروں کیلئے معاوضے کا مطالبہ
کراچی(بزنس رپورٹر)اسمال اینڈ میڈیم ٹریڈرز آرگنائزیشن نے گل پلازہ میں پیش آنے والے ہولناک آتشزدگی کے واقعے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور اربوں روپے کے مالی نقصان پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں کیلئے سرکاری معاوضے کامطالبہ کرتے ہوئے صدر اسمال اینڈ میڈیم ٹریڈرز آرگنائزیشن محمودحامد نے کہا کہ اس سانحے نے درجنوں خاندانوں کاروزگار چھین لیاہے ۔ انہوں نے واقعے کی عدالتی تحقیقات کرانے پر بھی زور دیا تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہو سکے ۔انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ کراچی میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات کی واضح عکاسی کرتا ہے ،کراچی جو خزانے کو تقریباً 70 فیصد ٹیکس فراہم کرتاہے یہاں آتشزدگی جیسے سنگین واقعات پر قابو پانے کیلئے مناسب اور مؤثر انتظامات موجود نہیں جوافسوسناک ہے ۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ ملکی معیشت کا مرکزہونے کے باوجود کراچی کو بنیادی حفاظتی سہولیات سے کیوں محروم رکھا گیا ہے ۔صدر اسمال ٹریڈرز نے نشاندہی کی کہ فائر بریگیڈ کا عملہ فائر فائٹر جیکٹس، جدید آلات اور ضروری حفاظتی سامان سے محروم ہے۔