سانحہ گل پلازہ پرسیاست کرنیوالے فاروق ستار اپنا ماضی دیکھیں، وزیرداخلہ
عوامی مسائل کے حوالے سے گورنر ٹیسوری کی بھی کوئی سنجیدگی نظر نہیں آئی، لنجارصرف فوٹو سیشن کرایا، میری پہلی ترجیح ڈاکوؤں کا خاتمہ، دوسری امن ہے ، خطاب
شہدادپور (نمائندہ دنیا)پولیس ٹریننگ کالج شہدادپور میں تربیت حاصل کرنے والے ریکروٹ کورس کے 683 اہلکاروں کی 184ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی، جس میں 419 مرد اہلکار اور 264 لیڈی اہلکار شامل تھے ۔ پاسنگ آؤٹ پریڈ کی سلامی وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار، انسپکٹر جنرل سندھ پولیس جاوید عالم اوڈھو نے لی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ سندھ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے پر سیاست کرنے والے فاروق ستار کو چاہیے کہ وہ اپنے ماضی پر بھی تھوڑی نظر ڈالیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گورنر صاحب پروٹوکول کے ساتھ آئے ، صرف فوٹو سیشن کروایا اور چلے گئے ، عوامی مسائل کے حوالے سے کوئی سنجیدگی نظر نہیں آئی۔ انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح ڈاکوؤں کا مکمل خاتمہ ہے ، دوسری ترجیح مکمل امن و امان کا قیام اور تیسری ترجیح منشیات کا خاتمہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن قدم کررہی ہے اور جرائم پیشہ افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ آئی جی سندھ جاوید عالم نے اپنی تقریر میں کہا کہ نوجوانوں کو وردی کی عزت برقرار رکھتے ہوئے ایسا رویہ اختیار کرنا چاہیے جس سے عوام اور پولیس کے درمیان موجود فاصلے ختم ہو سکیں۔ عوام کو طاقتور پولیس نہیں بلکہ انصاف پسند پولیس چاہیے ۔ کچے کے ڈاکوؤں اور کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم پر قابو پانا پولیس کی ذمہ داری ہے۔