پنشن کیس، ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات کے وارنٹ جاری

پنشن کیس، ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات کے وارنٹ جاری

افسر کو 2لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروا کر 4فروری کو پیش ہونے کی ہدایت عدم حاضری پر عدالت برہم،میئر اور میونسپل کمشنر سے بھی وضاحت طلب

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے بلدیاتی ملازمین کی پنشن سے متعلق درخواستوں پر ایڈیشنل سیکریٹری بلدیات کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں 4 فروری کو 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرا کے عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ سماعت کے دوران درخواست گزاروں کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ درخواست گزاروں کو کئی سال گزر جانے کے باوجود تاحال پنشن کی ادائیگی نہیں کی جا رہی جب کہ بلدیاتی اداروں کی جانب سے کوئی ذمہ دار افسر عدالت میں پیش نہیں ہوتا۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بارہا طلبی کے باوجود محکمہ بلدیات کی جانب سے کوئی افسر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی احکامات کے باوجود عدم حاضری ناقابلِ قبول ہے جس پر آئینی بینچ نے ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات کے قابلِ ضمانت وارنٹ جاری کرتے ہوئے انہیں آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دیا۔ دورانِ سماعت جہانگیر خان ایڈووکیٹ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ نئے ٹاؤن سسٹم کے مطابق درخواست گزاروں کے واجبات کی ادائیگی لانڈھی ٹاؤن کی ذمہ داری بنتی ہے ۔ اس موقع پر کورنگی ٹاؤن کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ کورنگی ٹاؤن کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں اور ان کے افسران عدالت میں حاضر ہیں۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر میئر کراچی مرتضی وہاب اور میونسپل کمشنر کے ایم سی اے سے بھی وضاحت طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں