میئر نے واٹر کارپوریشن کی یونیفائیڈ ایپ کا افتتاح کردیا
ایپ میں آن لائن ادائیگی کی سہولت سے کرپشن کا خاتمہ ہوگا،مرتضیٰ وہاب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)چیئرمین واٹر کارپوریشن و میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کارساز شارع فیصل پر واقع کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے صدر دفتر میں KW&SC Unified App کا باضابطہ افتتاح کر دیا،اس موقع پر کے ایم سی سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد علی صدیقی،چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، چیف فنانشل آفیسر عمار علی خان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔
میئر کراچی نے کہا کہ سیپ سسٹم کے نفاذ کے دوران جعلی بھرتیوں کی نشاندہی میں بھی مدد ملی، جنوری 2026 میں 2 ارب 20 کروڑ روپے واٹر کارپوریشن کے اکاؤنٹ میں آ چکے ہیں جس کے بعد اب ادارے کے پاس سروس بہتری کے لیے گنجائش پیدا ہو رہی ہے، انہوں نے کہا کہ آمدن میں اضافے کا فائدہ براہِ راست شہریوں کو پہنچنا چاہیے ۔میئر کراچی نے کہا کہ پہلے شکایات کے لیے 1334 پر کال کی جاتی تھی۔
اب اسی نظام کو جدید شکل دے کر یونیفائیڈ ایپ متعارف کرائی گئی ہے جو اردو، انگریزی اور سندھی تین زبانوں میں دستیاب ہے ، انہوں نے کہا کہ شہری ٹینکر کے مہنگے داموں کی شکایات کرتے تھے ، اس ایپ میں آن لائن ادائیگی کی سہولت موجود ہے جس سے کرپشن اور غیر شفاف پیکیج سسٹم کا خاتمہ ممکن ہوگا، ایپ کے ذریعے شہریوں کو معلوم ہو سکے گا کہ کتنے ٹینکر روانہ ہوئے اور اس مد میں کتنی رقم ادارے کے اکاؤنٹ میں جمع ہوئی۔