گورنرہاؤس میں اجلاس ،رمضان المبارک کے انتظامات پر غور

گورنرہاؤس میں اجلاس ،رمضان المبارک کے انتظامات پر غور

اجلاس میں ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور ایم کیوایم کے رہنما بھی شریک ہوئے موثر رابطہ کاری کے ذریعے شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا عزم

کراچی (این این آئی)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس کراچی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ماہِ رمضان المبارک کے انتظامات اور عوامی فلاحی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، امین الحق اور سینٹرل کوآرڈینیشن کمیٹی کے دیگر اراکین بھی شریک تھے ۔اجلاس کے دوران رمضان المبارک کے حوالے سے صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات، مستحقین میں راشن کی شفاف تقسیم اور سستے بازاروں کے قیام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ہدایت کی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کریں۔شرکاء نے گورنر سندھ سے درخواست کی کہ گزشتہ برسوں کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے امسال بھی گورنر ہاؤس میں عوام کے لیے سحر و افطار کے اجتماعی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے ۔ اس موقع پر 14 فروری کو کراچی کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی کانفرنس منعقد کرنے اور 15 فروری کو سانحہ گل پلازہ اور سانحہ ترلائی اسلام آباد کے شہداء کی یاد میں عوامی اجتماع کے انعقاد کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ موثر رابطہ کاری کے ذریعے رمضان المبارک میں شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں