آئی ٹی اسکلز سے ملک مہینوں میں ترقی کرے گا،شزہ فاطمہ
کوشش ہے پاکستان کے ہر بچے کو اے آئی کی تربیت دیں،وفاقی وزیر آئی ٹی سیلانی ویلفیئر کے تحت میگا آئی ٹی ٹیسٹ ،سات ہزار سے زائد طلبہ کی شرکت
کراچی(سٹی ڈیسک)وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ اگر آج ہم ملک کے ہر بچے کو انٹرنیٹ اور اسمارٹ ڈیوائس دے کر کسی بھی ایک آئی ٹی اسکل میں ٹریننگ دینے میں کامیاب ہوجائیں تو پاکستان دہائیوں، سالوں میں نہیں بلکہ مہینوں میں ترقی کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہاکی اسٹیڈیم کراچی میں منعقدہ سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے تحت میگا آئی ٹی ٹیسٹ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میںسات ہزار سے زائد طلبہ و طالبات نے مصنوعی ذہانت اور آئی ٹی سے متعلق جدید کورسز میںداخلوں کے لیے ٹیسٹ دیا۔ تقریب سے گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری ،صوبائی وزیر آئی ٹی علی راشدکے علاوہ سیلانی ویلفیئر ایجوکیشن بورڈ کے سربراہ افضل چامڑیہ،سی او او محمد غزال نے بھی خطاب کیا۔شزا فاطمہ نے خطاب میںمزید کہا کہ یہ دیکھ کو خوشی ہورہی ہے کہ 9، 10 اور 11 سال کے بچے دنیا کی جدید ٹیکنالوجیز میں کام کررہے ہیں۔اے آئی انڈس ویک کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے ہر چھوٹے بڑے شہر اور گاؤں میں 100 سے زائد ایونٹس ہوئے ، ہماری کوشش رہی کہ ہم پاکستان کے ہر بچے کو اے آئی کی تربیت دیں، ہم یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ہر بچے کو جدید تربیت کا حصہ بنائیں، آئی ٹی کے ملک گیر پروگرام کو انڈس اے آئی ویک کا عنوان اس لیے دیا تاکہ آپ لوگوں کو اپنی تاریخ سے روشناس کرایا جائے ۔