کراچی سے وصول ٹیکس کا نصف شہر کودیا جائے ،گورنر

کراچی سے وصول ٹیکس کا نصف شہر کودیا جائے ،گورنر

سیلانی مختلف شعبہ جات میں مثالی خدمات انجام دے رہا ہے ،کامران ٹیسوری10ہزار مستحقین میں راشن تقسیم کی تقریب سے خالد مقبول،بشیر فاروق کاخطاب

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ رمضان المبارک سے قبل پہلے فیز میں 10 ہزار مستحق افراد میں راشن ،روزگار کے ذرائع ،طبی آلات اوردیگر امدادی سامان کی تقسیم قابل ستائش ہے ،دعا ہے کہ آج راشن وصول کرنے والے اگلے سال خود مستحقین میں راشن تقسیم کرنے کے قابل بن جائیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کراچی سے وصول کیے جانے والے ٹیکس کا کم از کم آدھا حصہ کراچی کو دیا جائے تاکہ شہر کے مسائل حل کیے جا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ایم اے جناح روڈ پر واقع جناح ہال میں10 ہزار مستحقین میںراشن کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب سے وفاقی وزیرتعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ، سیلانی کے بانی مولانا بشیر فاروقی ، سیلانی ایجوکیشن بورڈ کے سربراہ افضل چامڑیہ ،سی او او سیلانی محمد غزال نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار ،سیلانی کے ٹرسٹی اور شعبہ ویلفیئر کے سربراہ عارف لاکھانی ،سید ابو فیصل بھی موجود تھے ۔ گورنر سندھ نے اپنے خطاب میںمزید کہا کہ سیلانی صرف دسترخوان یا راشن بانٹنے کا نام نہیں بلکہ مختلف شعبہ جات میں جو مثالی خدمات انجام دے رہا ہے اس کی کوئی دوسری مثال نہیں ہے ۔سیلانی کے بانی مولانا بشیر فاروقی نے خیر مقدمی کلمات میںکہا کہ سیلانی کی جانب سے کم آمدنی والے طبقے کو راشن دینے کا مقصد یہ ہے کہ وہ اس ماہ کے سات سے دس ہزار روپے اپنے بچوں کے لیے عید کی خریداری پر خرچ کرسکیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں