سکھر:300گرام دھماکہ خیز مواد سمیت 3اسلحہ سپلائر گرفتار

سکھر:300گرام دھماکہ خیز مواد سمیت 3اسلحہ سپلائر گرفتار

روہڑی انٹر چینج کے قریب سی ٹی ڈی کی کارروائی، 75لاکھ کی جعلی کرنسی بھی ملیملزمان کا منظم نیٹ ورک، درہ آدم خیل سے سندھ میں اسلحہ پہنچاتے تھے ، حکام

سکھر (بیورو رپورٹ)کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ سکھر کی ایک ٹیم نے اطلاع پر موٹر وے پر روہڑی انٹر چینج کے قریب ایک کار کو روک کر اس کی تلاشی لی، اس دوران دھماکہ خیز مواد اور بھاری تعداد میں اسلحہ جس میں تین سو گرام دھماکہ خیز مواد ،سیفٹی فیوز، فیوز وائر، نٹ بولٹ ،ڈیٹو نیٹر ودیگر سامان اور 6 کلاشنکوفیں، دو شارٹ گنیں اور بڑی تعداد میں گولیاں شامل ہیں برآمد کرلیں۔ تین ملزمان دانش عرف دانی ولد محمد عرفان آفریدی پٹھان، ارسلان عرف آرزو ولد زرولی خان آفریدی پٹھان اور سالار احمد دین محمد دھاریجو گرفتار کو کرکے سی ٹی ڈی نے کار اپنی تحویل میں لے لی۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 75لاکھ روپے کی جعلی کرنسی بھی برآمد کی گئی ہے ، یہ دھماکہ خیز مواد، اسلحہ سنگین وارداتوں اور ممکنہ تخریبی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزمان سے ابتدائی تفتیش میں یہ پتہ چلا ہے کہ ان کا ایک منظم گروہ ہے جو درہ آدم خیل سے سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں میں مسلسل غیر قانونی اسلحہ اور جعلی کرنسی کی ترسیل میں ملوث ہے ، جن کا رابطہ مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے ہے ، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں