بجٹ طلبہ کے فائدے کیلئے استعمال کریں،سیکریٹری کالجز

بجٹ طلبہ کے فائدے کیلئے استعمال کریں،سیکریٹری کالجز

ہر چیز کا احتساب ہوگا،تمام شعبوں میں تدریسی معیار کو بہتر بنائیں ، ندیم میمن ڈی جے سائنس کالج کا دورہ، انتظامی و تعلیمی سہولیات اورلیباریٹریزکا جائزہ لیا

کراچی (این این آئی)سیکریٹری محکمہ کالج ایجوکیشن سندھ ندیم میمن نے ڈی جے سائنس کالج کا دورہ کیا جہاں انہیں کالج کی تعلیمی سہولیات، کلاس رومز، لائبریری، اور عملی لیبارٹریز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ سیکریٹری کالجز نے کالج کی انتظامی اور تعلیمی سہولیات کا جائزہ لیا اور مختلف شعبہ جات اور کالج عمارت کے حصوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری کالجز نے ہدایت دی کہ لیبارٹری آلات اور مجموعی انفرااسٹرکچر کی دیکھ بھال اور بہتری کو یقینی بنایا جائے تاکہ طلبہ کے لیے معیاری تعلیم اور علمی معیار کی ترقی کو فروغ دیا جا سکے ۔ اس موقع پر ڈی جی کالجز سندھ،ریجنل ڈائریکٹر کالجز کراچی، چیف انجینئر، ڈائریکٹر (ڈیولپمنٹ) اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ سیکریٹری ندیم میمن نے کیمیا، فزکس، بایولوجی، کمپیوٹر اور دیگر سائنسی لیبارٹریز کا بھی جائزہ لیا اور طلبہ کے عملی تجربات کا براہ راست مشاہدہ کیا۔ انہوں نے کالج انتظامیہ کو ہدایات دی کہ کالج کے تمام شعبہ جات کو صاف، منظم اور فعال رکھا جائے ۔ لیبارٹریز جدید اور عملی تجربات کے لیے مکمل طور پر فعال ہوں تاکہ طلبہ نصابی تعلیم کے ساتھ ساتھ عملی مہارتیں بھی حاصل کر سکیں۔  سیکریٹری کالجز نے کالج میں حالیہ بجٹ کے استعمال پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ فراہم کردہ بجٹ کو طلبہ کے فائدے کے لیے استعمال کیا جائے، ہر چیز کا احتساب ہوگا،تمام شعبہ جات میں تدریسی معیار کو بہتر بنائیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں