ہمارا کراچی موومنٹ کی فائر سیفٹی پر اسٹریٹ اسمبلی کا آغاز
کراچی (این این آئی) معروف آرکیٹکٹ یاسمین لاری کی قیادت میں متحرک ہمارا کراچی موومنٹ نے ڈینسو ہال راہگزر واکنگ اسٹریٹ کراچی میں اسٹریٹ اسمبلی کے انعقاد کے ذریعے اپنی شہر گیر شہری مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا۔
یہ اقدام حالیہ گل پلازہ سانحے کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے جس کا مقصد کراچی بھر میں آگ سے بچا کے معیارات کو بہتر بنانا اور شہری ذمہ داری کے شعور کو فروغ دینا ہے ۔ یہ ایک منظم بغیر کسی مالی معاونت اور غیر سیاسی کوشش ہے جو احتیاطی تدابیر قانون کی پاسداری اور اجتماعی ذمہ داری پر زور دیتی ہے ۔ہمارا کراچی کور کمیٹی نے ہیریٹج فانڈیشن پاکستان، انسٹی ٹیوٹ آف آرکیٹیکٹس پاکستان اور ایسوسی ایشن آف کنسلٹنگ انجینئرز پاکستان کے تعاون سے اس اسمبلی کا اہتمام کیا۔ اجلاس میں راہ گزر کی عمارتوں اور ملحقہ میڈیسن مارکیٹ میں آگ سے تحفظ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ممکنہ خطرات کی نشاندہی کی گئی۔تقریب کا آغاز صبح ساڑھے گیارہ بجے عملی فائر ڈرل کے مظاہرے سے ہوا۔