جھگڑوں کی روک تھام :جنرل ہسپتال انتظامیہ کا پولیس کو مراسلہ

 جھگڑوں کی روک تھام :جنرل ہسپتال انتظامیہ کا پولیس کو مراسلہ

ہسپتال کے اندر ، اطراف سکیورٹی خدشات میں خطرناک حدتک اضافے کی نشاندہی

لاہور ( بلال چودھری ) لاہور جنرل ہسپتال میں آئے روز لڑائی جھگڑوں اور ہنگامہ آرائی کے بڑھتے واقعات کے بعد ہسپتال انتظامیہ نے سکیورٹی کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کا مطالبہ کر دیا۔ ایم ایس کی جانب سے ایس پی ماڈل ٹاؤن کو باضابطہ مراسلہ ارسال کیا گیا ہے جس میں ہسپتال کے اندر اور اطراف سکیورٹی خدشات میں خطرناک حد تک اضافے کی نشاندہی کی گئی ہے ۔مراسلے کے مطابق غیر متعلقہ افراد اور تیمارداروں کے بے قابو رش کے باعث امن و امان کی صورتحال متاثر ہو رہی ہے ، جس سے مریضوں، ان کے لواحقین اور طبی عملے کو مشکلات کا سامنا ہے ۔ انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ موجودہ حالات میں سکیورٹی انتظامات ناکافی ثابت ہو رہے ہیں۔ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین نے خبردار کیا ہے کہ اگر صورتحال پر فوری قابو نہ پایا گیا تو مریضوں اور عملے کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے پولیس اور ضلعی انتظامیہ سے فوری تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ محفوظ ماحول کی فراہمی سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ذرائع کے مطابق مراسلے کی کاپی آئی جی پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں