تحریک انصاف اورجماعت اسلامی میئر کیخلاف متحد
دونوں جماعتوں کی قیادت کا تحریکِ عدم اعتماد لانے پر اصولی اتفاق منعم ظفر اورسیف الدین ایڈووکیٹ کی حلیم عادل شیخ سے ملاقات
کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعتِ اسلامی اور پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت نے میئر کراچی کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لانے پر اصولی اتفاق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر کی موجودہ صورتحال مزید تاخیر کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ جماعتِ اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر اور کے ایم سی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ نے پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں کراچی کی بگڑتی ہوئی صورتحال، بلدیاتی کارکردگی اور شہری مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر، سینئر نائب صدر فہیم خان، جنرل سیکرٹری کراچی ارسلان خالد، کے ایم سی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر مبشر، حسن الحق اور جناح ٹاؤن کے وائس چیئرمین حامد نواز بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں شرکاء نے کہا کہ کراچی ملک کا سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا اور معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہونے کے باوجود انتظامی طور پر نظرانداز کیا جا رہا ہے ۔ گل پلازہ جیسے افسوسناک واقعات میں قیمتی جانوں کے ضیاع، کھلے نالوں میں بچوں کے گرنے کے واقعات، ٹریفک نظام کی خرابی، ٹینکر مافیا کی سرگرمیوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی تباہ حالی پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء کے مطابق شہریوں کو صاف پانی سمیت بنیادی سہولیات میسر نہیں اور سندھ حکومت و کے ایم سی عوام کو مؤثر ریلیف دینے میں ناکام رہے ہیں۔