ریڈ لائن منصوبے پرکام تیز کرنے کی ہدایت

 ریڈ لائن منصوبے پرکام تیز کرنے کی ہدایت

وزیر اعلیٰ کا کے فور آگمنٹیشن اسکیم پر کام کی رفتار پر اظہارعدم اطمینان انتظامیہ اور پولیس تاخیر کا سبب بننے والی رکاوٹیں دور کریں،مرادعلی شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے منگل کی شام نیپا چورنگی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کے فور آگمنٹیشن پروجیکٹ اور کراچی بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) ریڈ لائن منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کام کی رفتار تیز کی جائے اور ٹریفک کی روانی متاثر کرنے والی رکاوٹیں دور کی جائیں۔وزیر اعلیٰ کے ہمراہ وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ، وزیر آبپاشی جام خان شورو، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات نجم شاہ اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔دورے کے دوران وزیر اعلیٰ نے کے فور آگمنٹیشن اسکیم پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو تعمیراتی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ 2.7 کلومیٹر پر مشتمل یہ منصوبہ شہر کو پانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے نہایت اہم ہے ۔مراد علی شاہ نے انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت کی کہ واٹر بورڈ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں اور تاخیر کا سبب بننے والی رکاوٹیں دور کریں۔ وزیر اعلیٰ نے جاری ترقیاتی کاموں کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل اور دیگر شہری مسائل کے فوری حل کے احکامات بھی جاری کیے ۔وزیر اعلیٰ نے محکمہ بلدیات کو شہر میں باقاعدہ صفائی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔راستے میں وزیر اعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں