یوم علی ؓآج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

یوم علی ؓآج عقیدت و احترام سے منایا جائے گا

مرکزی جلوس سے قبل نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا

کراچی (این این آئی)حضرت علیؓ کا یومِ شہادت ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی آج بدھ کو مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔امسال بھی 21 رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علی کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے مسجد و امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان تک نکالا جائے گا۔مرکزی جلوس سے قبل ضمیر الحسن ٹرسٹ کے زیر اہتمام نشتر پارک میں مجلس عزا منعقد ہوگی جس کے بعدبوتراب اسکاؤٹس کی قیادت میں مرکزی جلوس برآمد ہوگا۔جلوس جب ایم اے جناح روڈ پہنچے گا تو مسجد و امام بارگاہ علی رضا کے سامنے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیر اہتمام عزاداروں کے لیے نمازِ باجماعت کا اہتمام کیا جائے گا جس میں امامت کے فرائض مولانا اصغر حسین شہیدی انجام دیں گے۔

بعدازاں نماز ظہرین کے بعد جلوس اپنے روایتی راستوں ایم اے جناح روڈ، سی بریز، صدر دواخانہ منسفیلڈ اسٹریٹ، ریگل چوک، پریڈی اسٹریٹ، دوبارہ ایم اے جناح روڈ، بولٹن مارکیٹ، بھٹی بازار، کھارادر، نواب محبت خانجی روڈ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ کھارادر پر اختتام پذیر ہوگا۔یوم علی کی جلوس کے لیے کراچی بھر میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں ۔پولیس اور سیکورٹی ادارے تعینات ہوں گے ۔جلوس برآمد ہونے سے قبل بم ڈسپوزل اسکواڈ سے گزرگاہوں کی مکمل سوئپنگ کی جائے گی۔ جلوس برآمد ہونے کے بعد سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی بھی کی جائی گی جبکہ سیکورٹی اداروں کے ماہر نشانہ باز بلند و بالا عمارتوں پر تعینات ہوں گے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں