کشمیر کالونی اور چنیسر ٹاؤن میں ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح
سڑکوں کی استرکاری کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت مکمل کیا گیاپانی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے سپلائی لائن کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر )میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع شرقی میں کشمیر کالونی اور چنیسر ٹاؤن میں سڑکوں کی استرکاری، سیوریج، واٹر سپلائی اور پیور بلاکس سمیت ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کردیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، کے ایم سی سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر کرم اللہ وقاصی، ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، ضلعی صدر اقبال ساند،ٹاؤن چیئرمین فرحان غنی،یوسی چیئرمین حامد،منتخب نمائندگان اور پارٹی کارکنان بھی موجود تھے ۔میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت ضلع شرقی کی یوسی 1 تا 6 میں سڑکوں کی استرکاری کا منصوبہ سالانہ ترقیاتی پروگرام برائے 2024-25 کے تحت مکمل کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر مجموعی لاگت 154 ملین روپے ہے اور منصوبے کے تحت سیوریج نظام کی بہتری کے لیے اہم اقدامات کیے گئے ہیں جن میں 12 انچ قطر کی سیوریج لائن 3,160 آر ایف ٹی جبکہ 15 انچ قطر کی سیوریج لائن 6,969 آر ایف ٹی بچھائی گئی ہے ،علاقے میں پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے واٹر سپلائی لائن کی تنصیب بھی منصوبے کا حصہ ہے جس کے تحت 225 ایم ایم قطر کی واٹر لائن 295 آر ایف ٹی تک ڈالی گئی ہے ، گلیوں اور سڑکوں کی بہتری کے لیے پیور بلاکس ورک بھی کیا گیا ہے اور 60 ایم ایم نیچرل کلر پیور بلاکس کے ذریعے 3,23,698 اسکوائر فٹ رقبے پر اسٹریٹ پیورنگ کا کام مکمل کیا گیا ہے ۔