اشرافیہ کی مراعات کمی کے بجائے پٹرول بم گرانا ظلم، تنظیم اسلامی
خطے کے دیگر ممالک نے قیمتوں میں اضافہ نہ کرکے عوام کوریلیف دیا، شجاع الدین
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)اشرافیہ کی مراعات کم کرنے کے بجائے عوام پر پٹرول بم گرانا ظلم ہے ۔ خطے کے دیگر ممالک نے قیمتوں میں اضافہ نہ کرکے عوام کو ریلیف دیا۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ امریکہ، اسرائیل کی ایران پر جارحیت کے جواب میں برادر مسلم ملک نے آبنائے ہرمز کوبند کر دیا ہے ، جس سے دنیا بھر میں خام تیل کا بحران پیدا ہوا۔ اِس صورتِ حال میں دنیا کے مختلف ممالک تیل کے موجودہ ذخائر کو استعمال میں لا رہے ہیں اور حکومتی سطح پر کفایت شعاری اختیار کر رہے ہیں تاکہ عوام پر مہنگائی کا بوجھ نہ پڑے۔
لیکن حکومت پاکستان نے ایک ماہ کا تیل موجود ہونے کے باوجود پٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافہ کرکے پہلے سے معاشی پریشانی میں مبتلا عوام کو ماہِ رمضان المبارک میں پیس کر رکھ دیا۔ اصل سوال یہ ہے کہ کم لاگت پر خریدے گئے پٹرول کو مہنگے داموں بیچنے کی اجازت دے کر کس کو فائدہ پہنچایا جا رہا ہے ؟ تازہ اطلاعات کے مطابق 1 بحری جہاز تیل لے کر پاکستان کے ساحل پر پہنچ چکا اور مزید 2 اگلے چند دنوں میں پہنچ جائیں گے ، لہٰذا پٹرول کی قیمتوں میں اضافے کو فی الفور واپس لیا جائے۔