محراب پور:نئی لائن تنصیب کے باوجود نیوٹاؤن پانی سے محروم
علاقہ 35 ہزار کی ا ٓبادی پرمشتمل، عالمی اداروں کے تعاون سے لائن بچھائی گئیکافی عرصے کے بعد بھی کنکشن نہیں کیا گیا، آلودہ پانی سے امراض پھیلنے لگے
محراب پور(نمائندہ دنیا)محراب پور میں محکمہ بلدیات،محکمہ پبلک ہیلتھ کی غفلت کے باعث نیو ٹاؤن کے ہزاروں مکین نئی پائپ لائن کی تنصیب کے باوجود واٹر سپلائی کے صاف، میٹھے پانی سے محروم ہیں، نیوٹاؤن کا علاقہ 35 ہزار کی آبادی پر مشتمل ہے اور علاقے میں صاف اور میٹھے پانی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے واٹر سپلائی کی نئی پائپ لائن بچھائی گئی تھی، لیکن محکمہ بلدیہ محراب پور اور محکمہ پبلک ہیلتھ نے رشوت نہ ملنے پر کافی عرصہ گزر جانے کے باوجود نئی پائپ لائن کا کنکشن واٹر سپلائی کی مین لائن میں نہیں کیا ہے جس سے شہری آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں اور یرقان، معدے ، پیٹ کے امراض پھیل رہے ہیں، سماجی رہنما ڈاکٹر ظفر آرائیں ، جماعت اسلامی کے رہنما ندیم احمد غوری کے مطابق پائپ لائن بچھانے کے باوجود مین لائن میں اسکا کنکشن نہ کرنا بلدیہ کے چیئرمین جاوید میمن ، ٹاؤن آفیسر اور محکمہ پبلک ہیلتھ کی غفلت ہے ، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیرو ز اور انسانی حقوق کے ادارے اس معاملے کا نوٹس لیں ۔