الخدمت مددکو پہنچ گئی، روہڑی اسٹیشن کے قلیوں میں راشن تقسیم

الخدمت مددکو پہنچ گئی، روہڑی اسٹیشن کے قلیوں میں راشن تقسیم

100کو راشن فراہم، چند روز قبل قلیوں نے حکومت سے مالی مدد کی اپیل کی تھیمشکل حالات میں تنگ دست طبقے کی مدد کرنا ہم سب کا فریضہ، خیر محمد تنیو، خطاب

سکھر (بیورو رپورٹ)الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے صوبائی رہنما خیر محمد تنیو کی قیادت میں روہڑی ریلوے اسٹیشن پر خدمات انجام دینے والے ضرورت مند قلیوں میں راشن تقسیم کیا گیا۔ چند روز قبل قلیوں نے تنگ دستی سے مجبور ہوکر حکومت اور مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل کی تھی، جس کے بعد تقریباً 100 مستحق قلیوں کو راشن فراہم کیا گیا تاکہ انہیں روزمرہ ضروریات میں سہولت فراہم کی جا سکے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خیر محمد تنیو نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت ملک بھر میں فلاحی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے اور مشکل حالات میں غریب اور مستحق افراد کی مدد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محنت کش طبقہ معاشرے کا اہم حصہ ہے اور ان کی مدد کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی سطح پر بھی انسانی خدمت کے مشن کو جاری رکھے ہوئے ہے ۔ فلسطین اور ایران میں جاری مشکلات کے دوران بھی الخدمت فاؤنڈیشن متاثرہ افراد کی مدد کے لیے سرگرم ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے بڑے پیمانے پر امدادی وسائل فلسطین اور ایران بھیجے گئے ہیں تاکہ وہاں کے ضرورت مند مسلمانوں کی مدد کی جا سکے ، کیونکہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دینا مسلمانوں کا بنیادی حق ہے ۔ اس موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کے ضلعی عہدیداران بھی موجود تھے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں