گلشن حدید:کچرا جلانے سے مکینوں کاسانس لینادشوار
فیز ٹو ڈبل روڈسے ملحقہ نشیبی آبادی میں سانس والرجی کے مریض سخت پریشانمتعلقہ انتظامیہ ومقامی نمائندے خاموش تماشائی ،شہری،حکام سے نوٹس کامطالبہ
کراچی(سٹی ڈیسک) گلشن حدید میں کچرا جلانے سے اٹھنے والا غلیظ اور زہریلا دھواں علاقہ مکینوں کے لیے سنگین مسئلہ بن گیاہے ۔فیز ٹو ڈبل روڈ سے ملحقہ نشیبی آبادی میں رمضان کی راتوں کے دوران بزرگوں، خواتین اور بچوں کے لیے سانس لینا دشوار ہو گیا،جبکہ گھروں میں موجوددیگر افراد بھی شدید اذیت کا شکار ہیں۔رہائشیوں کے مطابق علاقے سے جمع کیا جانے والا کچرا شہر میں قائم باقاعدہ ڈمپنگ پوائنٹس پر منتقل کرنے کے بجائے قریبی پہاڑی کے دامن میں لا کر ڈھیر کر دیا جاتا ہے اوررات کے وقت اس میں آگ لگا دی جاتی ہے ،دھویں سے علاقے کی فضا بری طرح آلودہ ہو رہی ہے ، سانس، دمہ اور الرجی کے مریضوں کی مشکلات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔
سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا، آنکھوں میں جلن، گلے کی سوزش اور دیگر متعلقہ امراض میں بھی نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ، جس نے شدید تشویش پیدا کر دی ہے ۔شہریوں کوشکایت ہے کہ سنگین صورتحال کے باوجود متعلقہ انتظامیہ اور مقامی نمائندے خاموش تماشائی ہیں ۔ مکینوں کے مطابق گزشتہ نماز جمعہ کے موقع پر مسجد کے امام نے بھی بااثر افراد اور ذمہ دار حکام سے فوری تعاون کی اپیل کی تھی، تاہم کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔اہل علاقہ نے میئرکراچی مرتضیٰ وہاب،ماحولیاتی تحفظ کے اداروں،مقامی بلدیاتی نمائندوں اور اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ معاملے کا فوری نوٹس لیں۔