لاڑکانہ:شادی کاجھانسہ دیکر پیسے بٹورنے والے 4نوسرباز گرفتار

لاڑکانہ:شادی کاجھانسہ دیکر پیسے بٹورنے والے 4نوسرباز گرفتار

ڈوکری پولیس کی کارروائی، ملزمان رقم، مالی فوائد سمیٹ کررابطہ منقطع کردیتے تھےجرائم میں ملوث گینگ برسٹ، مقابلے میں 3زخمی ڈاکو گرفتار، موٹر سائیکل برآمد

لاڑکانہ(بیورو رپورٹ)پولیس نے ڈوکری تھانے کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے شادی کے جھانسے دیکر پیسے بٹورنے والے چار نوسربازوں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا، ایس ایس پی احمد فیصل چودھری نے بتایا کہ ڈوکری پولیس نے چار نوسربازوں ذوالفقار، عنایت، امیر بخش اور حسین بخش کو گرفتار کرلیا، ملزمان سادہ لوح شہریوں کو شادی کا لالچ دے کر مختلف حیلوں بہانوں سے رقم وصول کرتے تھے ، ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزمان شہریوں سے شادی کا وعدہ کر کے ان سے نقد رقم اور دیگر مالی فوائد حاصل کرتے تھے اور بعد ازاں رابطہ منقطع کر دیتے تھے ، پولیس نے ملزمان کے خلاف متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ 19/2026 درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔

دوسری جانب مبینہ مقابلے میں شہر میں حالیہ جرائم میں ملوث گینگ کو برسٹ کرکے 3 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے اسلحہ، چھینی گئی موٹر سائیکل اور موبائل فون برآمد کرلئے گئے ۔ پولیس کے مطابق تھانہ ولید کی حدود آریجا روڈ کے علاقے میں گشت پر مامور پولیس اور تین رکنی ڈکیت گینگ سے سامنا ہوا، جہاں فائرنگ تبادلے کے بعد 3 ڈاکوؤں کو شہری سے چھینی گئی موٹرسائیکل اور موبائل فون سمیت گرفتار کرلیا گیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکوؤں کی شناخت رفیق چنجنی، نادر عرف اجے کلہوڑو اور ارسلان کلہوڑو کے ناموں سے ہوئی۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق مذکورہ ڈاکو حالیہ وارداتوں میں ملوث ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں