وزیربلدیات سے ڈی جی ادارہ ترقیات کی ملاقات، ہاؤسنگ اسکیم پر بریفنگ
گلستان سرمست، کوہسار ایکسٹینشن اور گلشن قائد سمیت دیگر منصوبوں کی پیشرفت کاجائزہ لیاکم آمدن والوں کو سستی رہائش فراہمی کیلئے پرعزم، ڈاکٹر افشاں، ناصر شاہ نے کارکردگی کوسراہا
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ سے ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات حیدرآباد ڈاکٹر افشاں رباب سید نے ملاقات کرکے گلستان سرمست ہاؤسنگ اسکیم اور عوامی فلاح کے دیگر منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی، ادارہ ترقیات حیدرآباد کو عوام کے لئے حقیقی معنوں میں مفید ادارہ بنانے پر غور وخوض کیا گیا۔ ایچ ڈی اے کے اعلامیہ کے مطابق عظیم رہائشی منصوبے گلستان سرمست ہاؤسنگ اسکیم، کوہسار ایکسٹینشن اور گلشن قائد سمیت دیگر منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ڈائر یکٹر جنرل نے ادارے کے زیر انتظام جاری اسکیموں کے متعلق تفصیلی بریفنگ میؓ صوبائی وزیر کو بتایا کہ ان اہم منصوبوں کی کامیابی اور الاٹیز کو سہولیات کی فراہمی کیلئے ادارہ اپنی بہترین پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لا رہا ہے۔
ڈاکٹر افشاں رباب سید کا کہنا تھا کہ ایچ ڈی اے کم آمدنی والے بے گھر خاندانوں کو سستی اور معیاری رہائش فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے اور اسٹیج 4 کو ایک مثالی منصوبہ بنایا جا رہا ہے ۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے ڈائر یکٹر جنرل ایچ ڈی اے ڈاکٹر افشاں رباب سید کی کار کردگی خصوصاً اسٹیج 4کی کامیاب اور شفاف بیلیٹنگ اور گلستان سرمست کے لئے بہترین آبی منصوبے کے افتتاح پر انہیں مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے سالہا سال سے جمود کا شکار گلستان سرمست ہاؤسنگ اسکیم میں ترقیاتی کاموں کے آغاز اور ذاتی نگرانی پر ڈائر یکٹر جنرل کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت عوامی مفاد کے ان منصوبوں کی تکمیل کیلئے ایچ ڈی اے کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔