کشمیری حریت رہنماؤں کے حق میں پرامن احتجاجی مظاہرہ
انسانی حقوق کے کارکنان، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی شرکت اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے ادارے معاملے کا فوری نوٹس لیں ،مقررین
کراچی (این این آئی) ہیومن رائٹس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام اتوار کو کراچی پریس کلب کے باہر کشمیری حریت رہنماؤں آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کے حق میں ایک بھرپور اور پرامن احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا گیا۔احتجاج میں شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنان، وکلا، صحافیوں اور سول سوسائٹی کے نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ۔جن پر کشمیری رہنماں کی رہائی اور انصاف کی فراہمی کے مطالبات درج تھے ۔مظاہرے سے جماعت اسلامی کے ڈاکٹر مہراج الہدی صدیقی۔فلسطین فاؤنڈیشن کے ڈاکٹر صابر ابومریم، کشمیری رہنما بشیر سدوزئی،بشیر درس ،عاصمہ ساجد اور دیگرخطاب کیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری حریت رہنماں کو سنائی گئی سزائیں بنیادی انسانی حقوق، آزادی اظہار اور سیاسی آزادیوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور دیگر انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور متاثرہ رہنماں کی رہائی کے لیے کردار ادا کریں۔احتجاج کے دوران شرکا نے پرامن طریقے سے اپنے مطالبات پیش کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقوق کے لیے اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔