سنی تحریک کا اہم اجلاس، تنظیمی ڈھانچے و عوامی رابطہ مہم پر غور

سنی تحریک کا اہم اجلاس، تنظیمی ڈھانچے و عوامی رابطہ مہم پر غور

چیلنجز کے پیشِ نظر کارکنان فرقہ واریت اور لسانیت کو چھوڑ کر متحد ہو جائیںتنظیمی نظم و ضبط بہتر بنانے کیلئے ہفتہ وار اجلاس ناگزیر،طیب حسین، عمران قادری

کراچی (این این آئی)پاکستان سنی تحریک کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس مرکزی کوآرڈینیٹر طیب حسین قادری اور عمران قادری کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں تنظیمی ڈھانچے ، کارکردگی ،عوامی رابطہ مہم اور موجودہ ملکی حالات کے تناظر میں آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔اجلاس میں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی اور اپنی اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے رپورٹس پیش کیں۔ عہدیداران نے مختلف علاقوں میں جاری تنظیمی سرگرمیوں،عوامی رابطہ مہمات،درپیش مسائل اور ان کے حل کیلئے کیے گئے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔مرکزی کوآرڈینیٹر طیب حسین قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت مختلف داخلی و خارجی چیلنجز سے گزر رہا ہے ،ایسے میں تنظیمی ذمہ داران اور کارکنان کا کردار مزید اہمیت اختیار کر گیا ہے ،تمام ذمہ داران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے تنظیمی امور کو خوش اسلوبی،دیانتداری اور مستقل مزاجی کے ساتھ انجام دیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی مسائل کے حل کو اولین ترجیح دی جائے اور اس مقصد کیلئے دن رات محنت کو شعار بنایا جائے ،ملک میں اتحاد و یگانگت کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے ،اس لیے کارکنان عوام میں شعور و آگاہی بیدار کریں کہ فرقہ واریت،لسانیت اور ذاتی مفادات کو پس پشت ڈال کر صرف اور صرف پاکستان کی ترقی،استحکام اور خوشحالی کیلئے کام کیا جائے ۔اس موقع پر عمران قادری نے کہا کہ تنظیمی نظم و ضبط کو مزید بہتر بنانے کیلئے یونٹ اور سیکٹر سطح پر ہفتہ وار اجلاسوں کا انعقاد ناگزیر ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں