طارق روڈ پر سڑک اچانک بیٹھنے سے چلتی گاڑی گڑھے میں دھنس گئی

طارق روڈ پر سڑک اچانک بیٹھنے سے چلتی گاڑی گڑھے میں دھنس گئی

گاڑی دھنستے ہی پانی بھرنا شروع ہوگیا، سوار دو خواتین پھنس گئیں،پولیس اہلکار وں نے ریسکیو کیا

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)طارق روڈ پر سڑک اچانک بیٹھ جانے کے سبب چلتی گاڑی گڑھے میں دھنس گئی جس میں سوار دو خواتین پھنس گئیں، شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکار نے انہیں ریسکیو کیا بعد ازاں گاڑی کو لفٹر سے نکالا گیا۔شہر قائد میں جمعرات کو دن اور رات گئے ہوئی موسلادھار بارش اور طوفانی ہواؤں کی تباہ کاریاں جاری ہیں، جمعہ کی دوپہر فیروز آباد تھانے کے علاقے طارق روڈ پر اچانک سڑک بیٹھ جانے کے باعث چلتی ہوئی گاڑی گڑھے میں دھنس گئی جس کے باعث گاڑی میں سوار دو خواتین پھنس گئیں۔

گاڑی دھنستے ہی اس میں پانی بھرنا شروع ہوگیا، فوری طور پر موقع پر موجود پولیس، شہریوں اور ٹریفک پولیس اہلکار نے خواتین کو ریسکیو کرکے نکالا، بعدازاں ٹریفک پولیس نے پرائیویٹ لفٹر کی مدد سے زمین میں دھنس جانے گاڑی کو بھی گڑھے سے نکال لیا۔اطلاع ملنے پر پولیس اور مقامی انتظامیہ کے افسران بھی موقع پر پہنچ گئے اور سڑک دھنس جانے کے سبب بننے والے گڑھے کو رکاوٹ لگاکر کور کردیا۔ایس او طارق روڈ ٹریفک سیکشن نواز سیال نے بتایا کہ جس مقام پرگاڑی دھنسی اس جگہ 20سے 25 فٹ نیچے سیوریج کی بڑی لائن گزر رہی ہے اور جس مقام پر گاڑی دھنسی وہاں سیوریج کا مین ہول بھی موجود ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں