کمشنر، ڈی آئی جی سکھر کاگھوٹکی، کشمور پل منصوبے کادورہ
تعمیراتی کام کی رفتار پراطمینان کا اظہار، حکام کی جانب سے کام پربریفنگ بھی دی گئیسکیورٹی سخت کی جائے ، ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاررہیں ، عابد سلیم، ناصر آفتاب
گھوٹکی (نمائندہ دنیا)کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی اور ڈی آئی جی سکھر ناصر آفتاب پٹھان نے ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کے ہمراہ گھوٹکی، کشمور پل کے جاری تعمیراتی کاموں اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی پیشرفت اور سکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈی آئی جی نے سکیورٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی ذمہ داریوں کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ کمشنر سکھر عابد سلیم قریشی نے منصوبے کو خطے کے لیے نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پل کی تکمیل سے آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئیگی۔
انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ حفاظتی انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے ۔ ڈی آئی جی ناصر آفتاب پٹھان نے بھی سکیورٹی کے حوالے سے سختی سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ روزانہ سکیورٹی رپورٹس مرتب کی جائیں، کسی بھی ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار رہا جائے۔ دورے کے اختتام پر اعلیٰ حکام نے جاری کاموں پر مجموعی اطمینان کا اظہار کیا۔