پڈعیدن، کاروکاری الزام، شوہر نے بیوی نوجوان پرکلہاڑی چلا دی
دونوں نازک حالت میں اسپتال منتقل، پکا چانگ کے قریب واقعہ، ملزم فرار ہوگیامیہڑ میں کھیلتے ہوئے بچہ تالاب میں گرکر جاں بحق، فضل عباس کی لاش نکال لی گئی
پڈعیدن، میہڑ (نمائندگان دنیا)مہران ہائی سے متصل پکاچانک کے قریب گاؤں محمد حسن چانگ میں نوجوان مزمل چانگ نے مبینہ کاروکاری کے الزام پر اپنی بیوی رشیداں بی بی چانگ اور نوجوان حق نواز چانگ کو کلہاڑیوں کے پے درپے وار کرکے شدید زخمی کردیا، اور موقع سے فرار ہو گیا، اہل محلہ کی اطلاع پر پولیس نے دونوں زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد دونوں کو تشویشناک حالت میں نوابشاہ منتقل کردیا گیا ہے ، زخمی خاتون رشیداں بی بی چانگ کے ورثا نے واقعہ کی رپورٹ پکاچانگ تھانے پر درج کرائی ہے کہ ہماری بچی کو بے گناہ شدید زخمی کیا ہے ، ملزم کو گرفتار کرکے ہمارے ساتھ انصاف کیا جائے،جبکہ زخمی نوجوان حق نواز کے عزیز عبدالسلام نے کہاکہ ہمارے نوجوان کو بلاجواز قتل کرنے کی کوشش کی گئی ہے ، انصاف کیا جائے۔
پولیس نے فرار ملزم کی تلاش شروع کردی۔ دوسری جانب میہڑ کے علاقے فرید آباد کے نواحی گاؤں سوجھرو میروانی میں 2 سالہ معصوم بچہ فضل عباس ولد منیر احمد چانڈیو کھیلتے ہوئے پاؤں پھسلنے سے تالاب میں گر گیا، محلے کے دیگر بچوں کی چیخ وپکار پر لواحقین نے پہنچ کر بچے کو پانی سے نکالا جس کو بے ہوشی کی حالت میں علاج کے لیے میہڑ کے تعلقہ اسپتال لایا گیا، جہاں پر ڈیوٹی ڈاکٹر نے بچے کی موت کی تصدیق کردی۔ ضروری کارروائی کے بعد بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردی گئی لاش گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا۔