غیرقانونی اسلحہ کیس،سزاکے خلاف اپیل مسترد

غیرقانونی اسلحہ کیس،سزاکے خلاف اپیل مسترد

درخواست گزار نے عدالتی کارروائی کا غلط استعمال کیا ،جرمانہ عائدٹرائل کورٹ نے 2021 میں تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمے میں سزا کے خلاف ملزم عبدالسلام کی اپیل مسترد کرتے ہوئے اس پر جرمانہ عائد کردیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ درخواست گزار نے عدالتی کارروائی کا غلط استعمال کیا ہے اور اس طرز عمل کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ استغاثہ کے مطابق 2020 میں پولیس نے ملزم کو سٹی کورٹ کراچی کے گیٹ نمبر 3 کے باہر سے اسلحہ کے ساتھ گرفتار کیا تھا جبکہ ٹرائل کورٹ نے نرمی برتتے ہوئے ملزم کو ایک سال کے لیے پروبیشن پر پروبیشن افسر کے حوالے کیا تھا۔

استغاثہ نے مزید بتایا کہ ملزم نے پروبیشن کی مدت کے دوران مزید جرائم کیے ، جس پر ٹرائل کورٹ نے 2021 میں پروبیشن منسوخ کرتے ہوئے اسے تین سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی۔ عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ ریکارڈ کے مطابق ملزم نے عدالت کے حکم میں جعلسازی کرکے زیرِ تحویل پستول بھی حاصل کیا، جو کہ عدالتی عمل کے تقدس کے منافی ہے ۔ عدالت نے مزید کہا کہ عدالتی کارروائی کے تقدس کو متاثر کرنے والے عمل کو کسی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ عدالت نے حکم دیا کہ درخواست گزار تیس یوم کے اندر دس ہزار روپے ہائی کورٹ کلینک کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں