آبنائے ہرمز کی امریکی ناکہ بندی انتہائی اشتعال انگیز، تنظیم اسلامی

آبنائے ہرمز کی امریکی ناکہ بندی انتہائی اشتعال انگیز، تنظیم اسلامی

ہرمز پرایرانی کنٹرول سے متعلق امریکی موقف پاکستان سمیت کسی کیلئے قابل قبول نہیںجنگ بندی کے باوجود ناکہ بندی جنگی جرم، ٹرمپ اخلاقی گراوٹ کاشکار، شجاع الدین

حیدر آباد (بیورو رپورٹ)اسرائیل کی خواہش ہے کہ امریکہ، ایران مذاکرات کامیاب نہ ہوں تاکہ خطے میں بدامنی قائم رہے ۔ دوہفتہ کی عارضی جنگ بندی کے باوجود امریکہ کا آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی کرنا انتہائی اشتعال انگیز ہے ۔ پاکستان کو خطے میں امن کے لیے مستقل مصالحتی کردار ادا کرتے رہنا چاہیے ۔ اِن خیالات کا اظہار تنظیم اسلامی کے امیر شجاع الدین شیخ نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی میزبانی میں امریکی اور ایرانی وفود کے مابین ہونے والے مذاکرات کے تین دور ہوئے اور فوری طور پر اِن مذاکرات کا نتیجہ خیز ثابت ہونے کی امید بھی نہ تھی البتہ اسرائیل کی خواہشات کے عین مطابق امریکی وفد نے ایران کے جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز پر ایرانی کنٹرول کے حوالے سے ایسا موقف اختیار کیا۔

جو کسی بھی صورت میں نہ صرف ایران بلکہ پاکستان، ترکیہ، چین اور مشرقِ وسطی کے کئی دیگر ممالک کے لیے بھی ناقابلِ تسلیم تھا۔ پھر یہ کہ دو ہفتہ کی عارضی جنگ بندی کے باوجود امریکہ کا آبنائے ہرمز کی بحری ناکہ بندی کرنا نہ صرف جنگی جرم ہے بلکہ اِس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ اِن معاملات میں اصل فیصلہ ساز امریکہ نہیں اسرائیل ہے ۔ امریکی صدر ٹرمپ کی اخلاقی پستی و گراوٹ کا یہ عالم ہے کہ اس نے ایکس کی ایک پوسٹ میں خود کو (معاذ اﷲ) مسیح ظاہر کرکے بدترین توہین رسالت کا ارتکاب کیا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں