محتسب سندھ کے تحت طلباء میں ایمبیسڈر پروگرام کے سرٹیفکیٹ تقسیم
کراچی(اسٹاف رپورٹر)محتسب سندھ کے تحت آئی بی اے کراچی میں زیر تعلیم طلباء میں ایمبیسڈر پروگرام کے سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔
صوبائی محتسب محمد سہیل راجپوت نے طلباء کو ایمبیسڈر پروگرام کی تکمیل پر مبارکباد پیش کی اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے ۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے کہا کہ ایمبیسڈر پروگرام کا بنیادی مقصد طلباء کو صوبائی محتسب سندھ دفتر سے متعلق آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ انھوں نے صوبائی محتسب سندھ دفتر سے متعلق مزید عوامی آگاہی کے لیے طلباء سے تجاویز طلب کیں۔ طلباء نے صوبائی محتسب سندھ کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کو عوام کے اعتماد کے لیے مؤثر و اہم قدم قرار دیا اور صوبائی محتسب دفتر کے ذریعے سرکاری محکموں سے متعلق شکایات کے مفت و فوری حل کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مزید فعال ہونے کی ضرورت ہے پر روشنی ڈالی۔ سہیل راجپوت نے طلباء کی جانب سے پیش کردہ مختلف تجاویز کو سراہتے ہوئے طلباء کی جانب سے ایمبیسڈر پروگرام کو پراجیکٹ بیسڈ پروگرام بنانے کی تجویز پر غور کرنے کی یقین دہانی کروائی۔