بدترین لوڈ شیڈنگ، ایم کیو ایم کی مذمت، احتجاج کی وارننگ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی مرکزی کمیٹی نے 12 سے 14 گھنٹے کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے شہرِ قائد کے عوام کے خلاف معاشی اور تعلیمی بد انتظامی قرار دیا ہے ۔ ۔۔۔
اپنے مشترکہ بیان میں مرکزی کمیٹی نے کہا کہ کراچی میں میٹرک کے امتحانات جاری ہیں لیکن کے الیکٹرک کی بے حسی اور سنگدلی کی وجہ سے نو نہالانِ قوم شدید گرمی، حبس اور پسینے میں شرابور ہو کر امتحانی پرچے دینے پر مجبور ہیں جس سے ان کی کارکردگی اور تعلیمی مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ مرکزی کمیٹی نے مزید کہا کہ حکومتِ وقت اور متعلقہ ادارے کے الیکٹرک کی من مانیوں کو لگام دینے میں مکمل طور پر ناکام نظر آتے ہیں۔ایم کیو ایم پاکستان نے وزیراعظم اور وفاقی وزیرِ توانائی سے مطالبہ کیا کہ وہ کراچی کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں، کے الیکٹرک کے لائسنس اور کارکردگی کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے اور امتحانات کے دوران کم از کم لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے ورنہ عوام کا پیمانہِ صبر لبریز ہو چکا ہے اور ایم کیو ایم پاکستان مظلوم شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سڑکوں پر نکل کر بھرپور احتجاج ریکارڈ کروانے میں دیر نہیں کرے گی۔