گورچانی میں بچے کی موت، طبی رپورٹ جاری، بدفعلی ثابت
موت ڈوبنے سے نظام تنفس اور دل کی بند ش کے باعث واقع ہوئی ہے، ڈاکٹرزکیس میں پیش رفت نہیں ہوئی، پولیس، اسپتال انتظامیہ رپورٹ چھپا رہی، ورثا
میرپور خاص (بیورو رپورٹ)میرواہ گورچانی میں کمسن بچے امون بھیل کے کیس سے متعلق 6 ماہ بعد حتمی میڈیکل رپورٹ سامنے آ گئی ہے ، جس میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں، رپورٹ کے مطابق 5 سے 6 سال کے بچے کے ساتھ بدفعلی کی تصدیق ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی موت کی وجہ پانی میں ڈوبنے سے سانس بند ہونا تھی جس کے باعث دل اور نظامِ تنفس اچانک بند ہو گیا۔ دوسری جانب ورثاء نے الزام عائد کیا ہے کہ میرواہ گورچانی پولیس اور اسپتال انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت کے باعث رپورٹ کو چھپایا جا رہا ہے ، ورثاء کا کہنا ہے کہ انہیں رپورٹ کے بارے میں درست آگاہی نہیں دی جا رہی اور نہ ہی پولیس کیس میں کوئی خاص پیش رفت کر سکی ہے ، ورثاء نے اعلیٰ حکام سے شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے کہ معصوم بچے امون بھیل کی لاش 26 نومبر 2025 کو بخاری ٹاؤن میرواہ گورچانی میں زمین کے اندر بنے پانی کے ایک ٹینک سے برآمد ہوئی تھی۔