جیکب آباد:دفعہ 144کے تحت مویشیوں کے آزادانہ گھومنے پرپابندی

جیکب آباد:دفعہ 144کے تحت مویشیوں کے آزادانہ گھومنے پرپابندی

90روز تک نافذ العمل رہے گی، عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے پولیس کواحکامات جاریخلاف ورزی کی صورت 188پی پی سی کے تحت کارروائی کی جائے گی، ڈپٹی کمشنر

جیکب آباد (نمائندہ دنیا)ڈپٹی کمشنر جیکب آباد کی درخواست پر دفعہ 144 نافذ کرکے شہروں میں مویشیوں کے آزادانہ گھومنے پر پابندی عائد کردی گئی، اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر شہزاد احمد ساہی کی صدارت میں ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کا ایک اہم اجلاس ہوا، جس میں اسسٹنٹ کمشنر نوید احمد، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو شاہد سرکی، اسٹاف افسر مختار کار ابوبکر سدہایو،ڈی ایس پی سٹی خدا بخش پہنور،انسداد تجاوزات کے وقار بروہی،بلدیہ واٹر سپلائی کے واش افسر ساگر پاہوجا اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں دفعہ 144 کے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفصیلی ہدایات جاری کی گئیں۔ اور بتایا گیا کہ یہ پابندی 90روز تک نافذ العمل رہے گی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ شہروں میں مویشیوں کے آزادانہ گھومنے کا مکمل خاتمہ کیا جائے ۔ متعلقہ افسران فیلڈ میں جا کر مؤثر کارروائی کریں۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور ایس ایچ اوز اس حکم پر فوری عملدرآمد کرائیں، کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نوٹیفکیشن کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 پی پی سی (تعزیراتِ پاکستان) کے تحت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ پولیس حکام کو ہدایت دی گئی ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری مقدمات درج کیے جائیں۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس حکم پر عمل کریں اور شہروں میں مویشیوں کو کھلا نہ چھوڑیں تاکہ شہر میں امن و امان، صفائی اور بہتر ٹریفک نظام کو برقرار رکھا جا سکے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں