مٹیاری میں سولر لائٹیں نصب ہونے کے باوجود دوبارہ ٹینڈر
رورل ڈیولپمنٹ کی جانب سے 20کروڑ جاری، من پسند ٹھیکیداروں کوٹھیکہ الاٹہالا، مٹیاری اور نیو سعیدآباد کیلئے ٹینڈر دیا گیا، عوام نے کرپشن کا نیا طریقہ قرار دیدیا
مٹیاری (رپورٹ:عمران راجپوت)ضلع مٹیاری میں مبینہ کرپشن کا ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے ، جہاں سولر لائٹیں نصب ہونے کے باوجود دوبارہ ٹینڈر ہوا ہے ، ضلع میں سولر لائٹس کے نام پر 20 کروڑ سے زائد کی رقم جاری ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے ضلع مٹیاری میں سولر لائٹس کی تنصیب کے لیے 20 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں، 21 اکتوبر 2025 کو ٹینڈر نمبر 454/ 2025 جاری کیا گیا، بعد ازاں 25 مارچ 2026 کو من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکہ الاٹ کیا گیا، ہالا، مٹیاری اور نیو سعیدآباد میں سولر لائٹس کی تنصیب کے لیے 9 کروڑ 90لاکھ روپے دیے گئے ، میونسپل کمیٹی ہالا کو مذکورہ منصوبے کے لیے شاہ زین بلڈر کو 4 کروڑ 95 لاکھ سے زائد رقم جاری کی گئی، تعلقہ ہالا میں دوسرے منصوبے کے لیے فیاض مہر کو بھی خطیر رقم جاری کی گئی، تعلقہ ہالا کے اسی منصوبے کے لیے تین بار ٹینڈر جاری کیے گئے ، دوبارہ ٹینڈرز کے اجرا کے طریقہ کار کو عوام کی جانب سے مالی بے ضابطگیوں اور کرپشن کا نیا طریقہ قرار دیا جارہا ہے ، حالانکہ جن علاقوں میں سولر لائٹس کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے ، ان میں پہلے سے ہی سولر لائٹیں موجود ہیں، دیگر محکموں کی جانب سے لگائی گئی لائٹس کے باوجود ٹینڈر جاری کرنے پر نئے سوال جنم لے رہے ہیں۔