ٹھل میں بچے کے ساتھ بدفعلی، ویڈیو بنانے کا عدالتی نوٹس
ایس ایچ او، تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت 11 مئی کوسیشن کورٹ میں طلبچچازاد کی مدعیت میں مقدمہ درج، پولیس نے نامزد 3 ملزم گرفتار کرلئے
ٹھل (نامہ نگار)بچے کے ساتھ مبینہ بدفعلی اور ویڈیو بنانے پرعدالت نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او اور تفتیشی افسر کو 11 مئی کو ریکارڈ سمیت طلب کرلیا۔ جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے تھانہ اے سیکشن کی حدود میں بچے کے ساتھ مبینہ بدفعلی کرکے ویڈیو ریکارڈ کی گئی، واقعے کا ایس پی جیکب آباد فیضان علی نے نوٹس لے لیا ہے ، پولیس کے مطابق متاثرہ بچے امن کمار ولد دیپک کمار کے چچا زاد بھائی یش کمار کی مدعیت میں تھانہ اے سیکشن ٹھل پر مقدمہ درج کرلیا گیا، پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن محمد ایوب ڈوگر نے کارروائی کرتے ہوئے نامزد ملزمان ورون کمار، منیش شرما اور نتیش کمار کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ بچے کا میڈیکل چیک اپ کرایا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے ، ترجمان جیکب آباد پولیس کے مطابق واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی اور میڈیکل رپورٹ آنے کے بعد اسے قانونی کارروائی کا حصہ بنایا جائے گا، ادھر واقعے کا سیشن جج جیکب آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ اے سیکشن ٹھل اور تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت 11مئی کو عدالت میں طلب کرلیا ہے ۔