حیدر آباد:مکی شاہ روڈ سے سیوریج پانی کی فوری نکاسی کاحکم
چیف ایگزیکٹو واٹر کارپوریشن کانوٹس، نالے پردکانیں تعمیر سے صفائی مشکل، ایکسینتجاوزات پر طفیل احمد برہم، انجینئرنگ ونگ کو فوری ہٹانے کے احکامات جاری کئے
حیدرآباد (بیورو رپورٹ)واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر طفیل احمد ابڑو نے شہر کی اہم ترین شاہراہ مکی شاہ روڈ پر سیوریج کا پانی جمع ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو فوری صفائی اور نکاسی کا حکم دیا۔ جب متعلقہ ایکسین (سیوریج)عابد حسین شیخ نے موقع کا معائنہ کیا تو یہ بات سامنے آئی کہ مکی شاہ روڈ پر سیوریج لائنوں کے اوور فلو ہونے کی اصل وجہ وہ نالہ ہے جس پر مقامی دکانداروں نے غیر قانونی تجاوزات قائم کر رکھی ہیں۔ ایکسین نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نالے پر قبضے اور تعمیرات کی وجہ سے عملے کو صفائی میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ، جس کے باعث سیوریج کا نظام مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
سی ای او طفیل احمد ابڑو نے اس صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انجینئرنگ ونگ کو حکم دیا کہ ان تجاوزات کی نشاندہی کر کے انہیں فوری ہٹایا جائے تاکہ نکاسی آب کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور ہو سکیں۔ انہوں نے دوٹوک موقف اختیار کیا کہ عوامی مفاد کی خاطر کسی بھی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور نالوں پر قبضے کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔علاوہ ازیں سی ای او نے آپریشنل اسٹاف کو ہدایت کی کہ وہ ہیوی مشینری بشمول سکشن مشینوں اور جیٹنگ گاڑیوں کے ذریعے سڑک سے پانی کی نکاسی کو فوری یقینی بنائیں تاکہ شہریوں کو کم دشواری ہو۔ انتظامیہ کی جانب سے مکی شاہ روڈ پر کام کا آغاز کر دیا گیا اور جلد ہی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے صاف کر دیا جائیگا۔