واٹر کارپوریشن کی لائن سے پانی چوری پکڑی گئی
لسبیلہ پل کے نیچے غیر قانونی سب سوائل نیٹ ورک کے خلاف کارروائی چوری کیلئے سرنگ میں 80ہارس پاور کی ہائی سکشن مشین نصب کی گئی تھی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی مرکزی لائن سے میٹھے پانی کی چوری کا بڑا انکشاف سامنے آیا ہے ۔ واٹر کارپوریشن حکام کے مطابق لسبیلا پل کے نیچے واقع واٹر کارپوریشن کی 33 انچ قطر کی مرکزی لائن کے قریب غیر قانونی سب سوائل نیٹ ورک کی آڑ میں میٹھے پانی کی چوری کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ اس اطلاع پر سب سوائل مینجمنٹ ٹیم اور اینٹی تھیفٹ سیل نے پاکستان رینجرز کے ہمراہ فوری کارروائی کرتے ہوئے شکیل مہر اور ابراہیم کے زیر استعمال تین مشتبہ سب سوائل نیٹ ورکس کی مکمل تلاشی لی۔ کارروائی کے دوران پہلے نیٹ ورک پر ایک 50 فٹ گہرے واٹر ٹینک کے نچلے حصے میں ایک خفیہ سرنگ دریافت ہوئی، جو براہ راست واٹر کارپوریشن کی مرکزی لائن سے منسلک تھی۔
اس سرنگ میں 80 ہارس پاور کی ہائی سکشن مشین نصب کی گئی تھی، جبکہ اس کے ساتھ 4 انچ قطر کی پائپ لائن بھی لگی ہوئی تھی، جس کے ذریعے میٹھا پانی غیر قانونی طور پر حاصل کیا جا رہا تھا۔ واٹر کارپوریشن حکام نے موقع پر ہی پانی کے نمونے حاصل کیے ،تصدیق کے لیے پانی کے نمونے لیبارٹری بھیجے گئے ، جس کے بعد متعلقہ سب سوائل نیٹ ورک کو فوری طور پر سیل کر دیا گیا، بعد ازاں واٹر کارپوریشن ایکٹ کے تحت ملزمان شکیل مہر اور ابراہیم کے خلاف واٹر کارپوریشن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ مزید قانونی کارروائی بھی جاری ہے ۔