ہائی رسک یونین کونسلزمیں 12مئی سے پولیو بوسٹر مہم کا آغاز
شہر پولیوکے خاتمے کی جانب ، افواہیں رکاوٹ ،کوآرڈینیٹرای او سی شہریار میمنکراچی اب بھی ہائی رسک زون،مؤثرو مربوط اقدامات ناگزیر ہے ،ڈاکٹر سندیپ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر شہریار میمن نے کہا ہے کہ کراچی پولیو کے خاتمے کی جانب بڑھ رہا ہے ، تاہم افواہیں اور غلط معلومات اب بھی پولیو کے خلاف ہماری جدوجہد میں سب سے بڑا چیلنج ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کلب میں پولیو بوسٹر ڈوز مہم کے حوالے سے منعقدہ میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔بریفنگ میں سندھ انسداد پولیو پروگرام ٹیم، ماہرینِ صحت، بچوں کے ڈاکٹرز، صحافیوں اور پریس کلب کے اہم عہدیداران نے شرکت کی۔میڈیا بریفنگ میں بتایا گیا کہ کراچی کی 89 ہائی رسک یونین کونسلز میں 12 سے 25 مئی تک پولیو بوسٹر ڈوز مہم چلائی جائے گی،اس دوران 10 سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو بوسٹر ڈوز دی جائے گی تاکہ بچوں کی قوتِ مدافعت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے اور پولیو وائرس کی منتقلی کو روکا جا سکے۔
شہریار میمن نے کہا کہ ہم پولیو وائرس کی آخری قسم کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ ماہرین صحت اور بچوں کے ڈاکٹرز نے پولیو بوسٹر ڈوز حکمت عملی کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ہائی رسک علاقوں میں بچوں کو اضافی خوراک دینا قوتِ مدافعت کو مضبوط بنانے کیلئے انتہائی ضروری ہے ۔ ڈاکٹر سندیپ نے کہا کہ عالمی سطح پر پولیو کیسز میں نمایاں کمی کے باوجود کراچی اب بھی پولیو کے حوالے سے ہائی رسک زون ہے ، اس لیے مؤثر اور مربوط ویکسی نیشن اقدامات ناگزیر ہیں۔