بعض کرپٹ سیپکو عناصر ادارے کو چاٹ رہے ہیں، تاجر رہنما

بعض کرپٹ سیپکو عناصر ادارے کو چاٹ رہے ہیں، تاجر رہنما

نصف سے زائد سکھر میں پیسے لیکر افسران واہلکار بجلی چوری میں ملوث، ہارون میمنحکومت، سیپکو چیف کی چشم پوشی مضحکہ خیز، لوڈ شیڈنگ سے شہری زندگی اجیرن

سکھر (بیورو رپورٹ)آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ سیپکو کے بعض کرپٹ عناصر ادارے کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں، سکھر کے نصف سے زیادہ علاقے میں سیپکو اہلکار اور افسران مل کر پیسے لے کر بجلی چوری کرانے میں ملوث ہیں ۔ حکومت اور سیپکو چیف کی چشم پوشی مضحکہ خیز ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دن کے وقت 10 سے 12 گھنٹے اور رات کو وقفے وقفے سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے ، بجلی کی أٓنکھ مچولی نے صارفین کی زندگی اجیرن کررکھی ہے جس سے تجارتی سرگرمیاں بھی مفلوج ہو چکی ہیں اور عوام سو بھی نہیں پاتے ، اور وہ ڈپریشن کا شکار ہیں۔ حاجی ہارون میمن نے مزید کہا کہ سیپکو بغیر بتائے تھری فیز میٹرز اتار کر لاکھوں روپے کے ڈیٹکشن لگا کر تیز رفتار نیا میٹر لگا رہا ہے ، جو عوام کے لیے ایک نیا مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ وہ ان سب معاملات پر واپڈا کے وزیر اور چیئرمین کو خط لکھ چکے ہیں، لیکن اگر سیپکو کا نظام درست نہ ہوا تو دمادم مست قلندر ہوگا، اور احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔ان کا مطالبہ ہے کہ بجلی چوری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے ، لوڈشیڈنگ ختم کی جائے ، اور میٹرز کی تبدیلی کا شفاف نظام بنایا جائے ۔انہوں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سیپکو افسران اور اسٹاف کے اثاثوں کی چھان بین کی جائے ، عوام کو بجلی کی طویل بندش اور شکایت کا نوٹس لے کر اذیت ناک صورتحال سے نجات دلائی جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں