لاپتہ افراد کے مقدمات میںپیش رفت رپورٹس طلب
مقدمات سے متعلق پولیس رپورٹس ریکارڈ پر آنے کے بعد بعض درخواستیں نمٹا دیںفیصل مجیب کی بازیابی سے متعلق درخواست پر فریقین سے 4 جون تک جواب طلب
کراچی (اسٹاف رپورٹر)سندھ ہائیکورٹ کے آئینی بینچ نے شہر کے مختلف علاقوں سے شہریوں کی مبینہ گمشدگیوں کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت کے دوران متعدد لاپتہ افراد سے متعلق پولیس رپورٹس ریکارڈ پر آنے کے بعد بعض درخواستیں نمٹا دیں جبکہ دیگر مقدمات میں تفتیشی افسران سے پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔ آئینی بینچ کے روبرو سماعت کے دوران پولیس نے رپورٹ پیش کی کہ اشرف وحید اور محمد ہارون بازیاب ہوکر اپنے گھروں کو واپس پہنچ چکے ہیں۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ احتشام علی کا سراغ لگا لیا گیا ہے اور ان کے خلاف مقدمہ درج ہے ۔ عدالت نے شہریوں سے متعلق معلومات اور رپورٹس ریکارڈ پر آنے کے بعد متعلقہ درخواستیں نمٹا دیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق یہ شہری ائرپورٹ، بلدیہ ٹاؤن اور زمان ٹاؤن کے علاقوں سے لاپتہ ہوئے تھے۔ عدالت نے مبینہ ٹاؤن کے علاقے سے لاپتہ فیصل مجیب کی بازیابی سے متعلق درخواست پر فریقین سے 4 جون تک جواب طلب کرلیا۔ فیصل مجیب کی اہلیہ زیبا فیصل نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کے شوہر کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ سماعت کے دوران ملیر سٹی سے لاپتہ نثار اور محسن کی بازیابی سے متعلق مقدمے میں عدالت نے تفتیشی افسر سے 18 جون کو پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔