گھوٹکی:درگاہ رہڑکی کے گدی نشین سائیں سادھو رام انتقال کرگئے

گھوٹکی:درگاہ رہڑکی کے گدی نشین سائیں سادھو رام انتقال کرگئے

ہندو کمیونٹی کے افراد غمزدہ، سوگ منایا، آنجہانی امن کے داعی سمجھے جاتے تھے

گھوٹکی (نمائندہ دنیا)درگاہ رہڑکی کے گدی نشین اور ہندو کمیونٹی کے معروف روحانی پیشوا سائیں سادھو رام طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ، جس سے گھوٹکی سمیت سندھ بھر میں سوگ کی فضا قائم ہو گئی۔ ان کے انتقال کی خبر سنتے ہی مختلف شہروں میں عقیدت مندوں اور مریدین میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ سائیں سادھو رام کو ایک عظیم روحانی پیشوا، انسان دوست رہنما اور امن، محبت و بھائی چارے کے داعی کے طور پر جانا جاتا تھا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی خدمتِ انسانیت، مذہبی ہم آہنگی اور سماجی بھلائی کے لیے وقف کر رکھی تھی۔ ان کی تعلیمات اور کردار نے نہ صرف ہندو کمیونٹی بلکہ دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد کو بھی متاثر کیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے نائب صدر چوہدری حبیب اللہ آرائیں نے اپنے تعزیتی بیان میں سائیں سادھو رام کے انتقال کو ایک بڑا قومی نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ آنجہانی ایک اعلیٰ پائے کے روحانی رہنما تھے ، جنہوں نے اپنی زندگی امن، محبت اور رواداری کے فروغ کے لیے وقف کی۔ انہوں نے کہا کہ سائیں سادھو رام کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور ان کی تعلیمات رہتی دنیا تک لوگوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے سوگوار خاندان اور ہندو کمیونٹی سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ دریں اثنا، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر درشن پنچی نے بھی گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سائیں سادھو رام ایک باکردار اور بااثر روحانی شخصیت تھے ، جنہوں نے لاکھوں افراد کی رہنمائی کی۔ مقامی سماجی و مذہبی حلقوں کے مطابق سائیں سادھ رام کی وفات ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں