الیکٹرانکس کے تاجر سے 25لاکھ روپے بھتہ مانگنے کا مقدمہ درج

 الیکٹرانکس کے تاجر سے 25لاکھ روپے بھتہ مانگنے کا مقدمہ درج

تاجر کو واٹس ایپ پر لیاری گینگ وار کے نام سے قتل کی دھمکیاں،تحقیقات اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ منتقل

کراچی(اسٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)عید الاضحیٰ کے قریب آتے ہی شہرمیں بھتہ خورسرگرم ہو گئے جس کے باعث تاجروں اور کاروباری طبقے میں شدید خوف و ہراس پایا جارہا ہے ۔ الیکٹرانکس کے کاروبارسے منسلک تاجر کو مبینہ طور پر بھتے کی کال موصول ہوئی ۔تاجر کو بھتہ کی کال موصول ہونے کے واقعے کامقدمہ پریڈی تھانے میں تاجر عدنان کی مدعیت میں بھتہ خوری کی دفعات کے تحت درج کرلیا گیا ۔متاثرہ تاجر کے مطابق وہ عبداللہ ہارون روڈ پر قائم تجارتی عمارت میں الیکٹرانکس کا کاروبارکرتا ہے اور13 مئی کو اس کے واٹس ایپ نمبرپرغیر ملکی نمبرسے ایک کال آئی، کال کرنے والے نے اپنا تعلق لیاری گینگ وارسے بتایا،فون کرنے والے نے 25لاکھ روپے بھتہ طلب کیا۔بھتہ نہ دینے پر مجھے اورمیرے بھائی کوجان سے مارنے کی دھمکی دی گئی، بھتہ خورنے مجھے میرے خاندان سے متعلق تفصیل بھی دی،اس کے ساتھ بھتہ خورنے میرے دکان پر آنے جانے کے اوقات بھی بتائے ۔بھتہ خور نے پولیس سے رابطہ کرنے کی صورت میں جان سے مارنے کی دھمکی بھی دی۔ بھتہ خورنے کہا کہ میرے لڑکے تمھارے پیچھے ہیں۔دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش اسپیشل انوسٹی گیشن یونٹ منتقل کردی گئی۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات بھی کی جارہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں