محراب پور:حادثات میں نوجوان جاں بحق، فلاح پارٹی چیئرمین زخمی
ریس لگاتے مویشی نے رمضان مغل کو ٹکر ماری، جنگل سے نوجوان کی لاش ملیورثا کو قتل کا شبہ، حیدر آباد کی ریلوے کالونی میں نوجوان پھندے سے جھول گیا
محراب پور، حیدر آباد (نمائندگان)ٹریفک حادثات میں نوجوان جاں بحق اور فلاح پارٹی چیئرمین زخمی ہوگئے ، جبکہ ایک نوجوان کی لاش ملی، حیدر ااباد میں نوجوان پھندے سے جھول گیا۔ نوشہرو فیروز تھانے کی حدود میں قومی شاہراہ پر ٹرک کی زد میں آکر موٹر سائیکل سوار عبد الرزاق ولد غلام رسول بروہی موقع پر جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق متوفی شکار پور کا رہائشی اور پی پی رکن سندھ اسمبلی ممتاز چانڈیو کا ڈرائیور تھا۔ دوسری جانب پاکستان فلاح پارٹی کے مرکزی چیئرمین محمد رمضان مغل حادثے میں زخمی ہوگئے ، عینی شاہدین کے مطابق سڑک پر ریس لگاتے ہوئے مویشیوں کی ٹکر لگنے سے موٹر سائیکل پر سوار محمد رمضان مغل بیٹے سمیت زخمی ہوئے ، جنہیں وہاں موجود لوگوں نے اسپتال منتقل کیا،انہیں کمر، بازو، ٹانگ میں چوٹیں لگی ہیں۔ جبکہ نوجوان کی جنگل سے لاش ملی، ڈاکٹر کے مطابق سہیل احمد ولد اک خان کی برین ہیمرج سے موت ہوئی ہے ، جبکہ ورثا کا کہنا ہے کہ نوجوان کو قتل کیا گیا ہے ۔ پولیس کے مطابق میڈیکل آفیسر کی جاری پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق نوجوان کی موت برین ہیمرج سے ہوئی، لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء حوالے کر کے پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے ۔ ادھر حیدر آباد میں مکی شاہ تھانے کی حدود ریلوے کالونی سے 35سالہ تنویر احمد ولد حضور بخش نے بے روزگاری،مہنگائی سے تنگ آکر گلے میں پھندا لگا کر مبینہ خود کشی کرلی، لاش پولیس نے ہسپتال پہنچائی، اور واقعہ کی ہر پہلو سے تفتیش کر رہی ہے ۔