تاجروں کی حیسکو چیف سے ملاقات، لوڈ شیڈنگ نرمی کی درخواست
تجاویز بھی پیش، فیض اللہ کی عید سیزن میں لوڈشیڈنگ میں کمی کی یقین دہانیآئندہ مالی سال میں ریشم بازار کو لوڈ شیڈنگ فری کرنے کا بھی ارادہ ہے ، گفتگو
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)انجمن تاجران ریشم بازار کے عہدیداران کے وفد نے صدر آصف میمن کونچ والا کی قیادت میں حیسکو چیف فیض اﷲ ڈاہری سے ملاقات کی اور ریشم بازار میں کاروباری اوقات کے دوران لوڈ شیڈنگ میں نرمی کی درخواست کرتے ہوئے کچھ تجاویز پیش کیں جس پر حیسکو چیف نے ایام عید الاضحی کے درمیان لوڈ شیڈنگ کے اوقات کار میں نرمی کی یقین دہانی کرائی اور نوید سنائی کے آئندہ مالی سال ریشم بازار کو منظم طریقہ کار کے تحت لوڈ شیڈنگ فری کرنے کا بھی ارادہ ہے جس کیلئے تاجر برادری کا تعاون ناگزیر ہے ، وفد کے قائد محمد آصف میمن نے یقین دلایا کہ حیسکو کے ہر اچھے اقدام میں ریشم بازار کا ہر تاجر مکمل تعاون کیلئے تیار ہے لیکن تاجر برادری اور رہائشی صارفین کی خواہشات کو مد نظر رکھ کر ہر فیصلہ اتفاق رائے سے کیا جائے گا۔ اس موقع پر حیسکو چیف نے کہا کہ عوامی سہولت کیلئے یومیہ صبح گیارہ بجے سے ایک بجے تک عوامی شکِایات سننے کیلئے خود موجود ہوتا ہوں اور صارفین کے مسائل کو سنتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے نیپرا کے منظور کردہ قانون پر آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاکہ صارف بجلی چوری کے جرم سے بچ کر قانونی طریقہ کار پر بجلی استعمال کرسکے اس کیلئے ایسے پلازوں کے مکین جن کے بلڈرز نے ٹرانسفارمرز لگواکر نہیں دئیے اب مکین خود ملکر نہ صرف اپنا ٹرانسفارمر لگواکر قانونی کنکشن حاصل کرسکتے ہیں بلکہ بجلی چوری کے گناہ اور اضافی اخراجات و جرمانوں سے بھی بچ سکتے ہیں۔