ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی کی حیسکو چیف سے ملاقات، بجلی مسائل پرگفتگو
ترقیاتی کاموں کے دوران شٹ ڈاؤن سے پانی بحران بڑھ رہا، حل نکالیں، وسیم حسینحیسکو چیف فیض اللہ ڈاہری نے مسائل سننے کے بعد ان کے حل کی یقین دہانی کرائی
حیدر آباد (بیورو رپورٹ)حیسکو ترجمان کے مطابق رکن قومی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پاور سید وسیم حسین نے حید رآباد میں پانی اور بجلی کے مسائل حل کرنے کے سلسلے میں حیسکو چیف فیض اﷲ ڈاہر ی سے انکے دفتر میں ملاقات کی، جس میں یہ طے ہوا کہ پانی اور بجلی کے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے واسا اور حیسکو کے فیلڈ افسران کے ساتھ ایک میٹنگ کرکے تمام مسائل سننے کے بعد انکو فوری حل بھی کیا جائے ، اس سلسلے میں ایم این اے سید وسیم حسین کی رہائش گاہ پر واسا اور حیسکو کے فیلڈ افسران کی تفصیلی میٹنگ ہوئی اور حیسکو کے افسران کو بتایا گیاکہ شہر میں جاری ترقیاتی کاموں سے جہاں شٹ ڈاؤن کیا جارہا ہے وہاں پر پانی کی فراہمی میں دشواری پیش آرہی ہے ، لہذا ایسا شیڈول مرتب کریں جس کے تحت پانی اور بجلی دونوں ایک ساتھ میسر ہوں تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہوسکے اور عیدالاضحی 27 مئی2026 کو ہے تو اس دوران بھی پانی اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں، جس پر حیسکو چیف ایگزیکٹو آفیسر فیض اﷲ ڈاہری نے یقین دلایا کہ حیسکو انتظامیہ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ بہتر سے بہتر بجلی کی فراہمی دیں لیکن شہر بھر میں ترقیاتی کاموں کی وجہ سے شٹ ڈاؤن لے کر کام کرنا پڑتا ہے کیونکہ حفاظتی اقدامات لازمی ہیں ہم ہر ممکن کوشش کرینگے کہ رکن قومی اسمبلی و ممبر اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پاور سید وسیم حسین کی تجاویز پر واسا کے ساتھ مل کر عمل کریں تاکہ عوام کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔