صنعتی ترقی کیلئے نجی شعبے کا کردار ناگزیر، جام اکرام اللہ دھاریجو
سائٹ کراچی کی علیحدگی کی تجویز پر خصوصی اجلاس جلد طلب کرنے کا اعلان سرکاری کاروبار میں بہتری کیلئے سندھ حکومت مل کر کام کرے ، زبیر موتی والا
کراچی(سٹی ڈیسک)وزیر صنعت سندھ جام اکرام اللہ خان دھاریجو نے صنعتکار برادری کو بھرپور حکومتی تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے نجی شعبے کے کردار کو سراہا اور کہا کہ صنعتی ترقی کیلئے نجی شعبے کا کردار ناگزیرہے ،اس موقع پر انہوں نے شہر کے اہم صنعتی علاقوں میں انتظامی و مالی اصلاحات کا روڈ میپ پیش کیا ۔صوبائی وزیر صنعت نے سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی کی جانب سے میٹ اینڈ گِریٹ تقریب میں ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ زبیر موتی والا اور سرپرست سائٹ ایسوسی ایشن سلیم پاریکھ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گل پلازہ، صدر کوآپریٹو مارکیٹ میں آتشزدگی کے واقعات میں سندھ حکومت کے ساتھ بروقت معاونت کو سراہا۔اسی نوعیت کے دیگر واقعات صدرکوآپریٹومارکیٹ، جوبلی اور بولٹن مارکیٹ میں آتشزدگی کے نتیجے میں شہر کی تجارتی و کاروباری برادری کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا۔وزیر صنعت نے اعلان کیا کہ سائٹ کراچی کی علیحدگی کی دیرینہ تجویز پر غور کے لیے جلد ایک خصوصی اجلاس طلب کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت چاہتی ہے تاکہ صوبائی فنڈز پر تمام تر انحصار نہ رہے ۔انہوں نے واضح کیا کہ ڈی ایم سیز اور متعلقہ ٹریڈ ایسوسی ایشنز کو مزید فنڈز صرف اس وقت جاری کیے جائیں گے جب پہلے سے جاری کردہ فنڈز مقررہ مدت میں مکمل طور پر استعمال کرلیے جائیں گے ۔ زبیر موتی والا نے سندھ حکومت کو دعوت دی کہ وہ سائٹ لمیٹڈ سمیت سرکاری کاروبار میں بہتری لانے کے لیے تاجر برادری کے ساتھ مل کر کام کرے ۔