پی پی گلگت کا حشر بھی کراچی جیسا کرنا چاہتی ، فوزیہ صدیقی
عوام ان سے بخوبی آگاہ ،اب جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گےبلاول پہلے سندھ میں 300 یونٹ مفت بجلی کا وعدہ پورا کریں، ترجمان پی ٹی آئی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کی انفارمیشن سیکریٹری و ترجمان فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کا حشر بھی کراچی اور سندھ جیسا کرنا چاہتی ہے ، تاہم وہاں کے عوام اب جھوٹے وعدوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے ۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پیپلز پارٹی گزشتہ 18برس سے سندھ میں برسراقتدار ہے لیکن کراچی سمیت پورے صوبے کے عوام آج بھی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات سے قبل پیپلز پارٹی کی قیادت ایک بار پھر عوام کو سبز باغ دکھانے میں مصروف ہے ، مگر عوام ان کے دعووں اور وعدوں کی حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں۔بلاول بھٹو زرداری پہلے سندھ کے عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں، پھر نئے دعوے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2024 سے قبل سندھ کے عوام سے 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا جو آج تک پورا نہیں کیا جا سکا جبکہ اب گلگت بلتستان کے عوام کو 700 یونٹ مفت بجلی دینے کے اعلانات کیے جا رہے ہیں۔ فوزیہ صدیقی نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے بھی پنجاب میں 300 یونٹ مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ وعدہ بھی وفا نہ ہو سکا، اب گلگت بلتستان میں ایک ہزار یونٹ مفت بجلی کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جو عوام کو گمراہ کرنے کی ایک اور کوشش ہے ۔