آئی ایم ایف شرائط پر عوام دشمن فیصلے کیے جا رہے ، فیصل ندیم
مہنگائی ناقابل برداشت ہوگئی،تنخواہ دار طبقے کو مزید مشکلات سے دوچار کیا جا رہا
حیدر آباد (بیورو رپورٹ) صدر مرکزی مسلم لیگ سندھ فیصل ندیم نے حیدرآباد میں مرکزی مسلم لیگ ہاؤس لطیف آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ آتے ہی عوام پر مزید بوجھ ڈال دیا جاتا ہے ، آئی ایم ایف کی شرائط کے نام پر مسلسل عوام دشمن فیصلے کیے جا رہے ہیں، مہنگائی میں مسلسل اضافہ عوام کے لیے ناقابل برداشت ہو چکا ہے جبکہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے بجائے مزید مشکلات سے دوچار کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری و نجی شعبے کے ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 50 فیصد اضافہ کیا جائے تاکہ بڑھتی مہنگائی کے اثرات کو کم کیا جا سکے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کو بھی مہنگائی میں اضافے کا جواز بنا کر عوام پر مزید بوجھ ڈالا گیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ مہنگائی، بجلی، گیس اور دیگر بنیادی مسائل کے خلاف احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔ اس سلسلے میں 14 جون کو حیدرآباد اور 17 جون کو سکھر میں بڑے دھرنے دیے جائیں گے ۔