پولیس مقابلے میں بھتہ خور گروہ کا کارندہ زخمی حالت میں گرفتار
اویس عرف جھینگا انتہائی مطلوب بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی کا اہم کارندہ اور شوٹر ہے ، تفتیش جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر)گارڈن میں اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔ایس آئی یو حکام کے مطابق کارروائی انتہائی مطلوب بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی کے اہم کارندے کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔ پولیس ٹیم نے مشتبہ ملزمان کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے فائرنگ شروع کر دی، جس پر جوابی کارروائی کی گئی۔فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک ملزم زخمی ہو گیا، جسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول، متعدد راؤنڈز اور ایک موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی۔گرفتار ملزم کی شناخت اویس عرف جھینگا کے نام سے ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق اویس عرف جھینگا انتہائی مطلوب بھتہ خور صمد کاٹھیاواڑی کا اہم کارندہ اور شوٹر ہے ، جو ماضی میں کراچی میں صمد کاٹھیاواڑی کے بھتہ خوری کے نیٹ ورک کو چلانے میں کلیدی کردار ادا کرتا رہا ہے ۔ ایس آئی یو کے مطابق زخمی ملزم کے خلاف تھانے میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ اس سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو کا کہنا ہے کہ تفتیش کے دوران ملزم سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔