گھریلو تشدد، دو خواتین شوہروں کے ہاتھوں قتل

گھریلو تشدد، دو خواتین شوہروں کے ہاتھوں قتل

مصباح نے تشدد اور سسرالیوں کے مطالبات سے آگاہ کیا تھا،اہلخانہلیاری میں حنا کو قتل کرنے کا ملزم فرار،متاثرہ خاندانوں کا انصاف کامطالبہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)سرجانی ٹاؤن اور لیاری میں گھریلو تشدد کے دو مبینہ واقعات میں دو خواتین مبینہ طور پر اپنے شوہروں کے ہاتھوں جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں، متاثرہ خاندانوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیفل مری گوٹھ مبینہ طور پر شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران اپنی 18 سالہ اہلیہ مصباح کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگئی۔جاں لڑکی کے اہل خانہ نے الزام لگایا ہے کہ مصباح کو سسرالیوں کی جانب سے موٹر سائیکل کی ڈیمانڈ پوری نہ ہونے پر مسلسل تشدد کا سامنا تھا۔

مقتولہ نے واقعے سے قبل اپنے بھائی کو بھی مبینہ تشدد اور مطالبات سے آگاہ کیا تھا۔ اہل خانہ کے مطابق اس سے پہلے بھی تشدد کے متعدد واقعات پیش آ چکے تھے ، تاہم شکایات کے باوجود پولیس کی جانب سے موثر کارروائی نہیں کی گئی۔ مقتولہ کے ورثا نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔لیاری کے علاقے کلری نیازی چوک میں شوہر نے تشدد کے بعد اپنی 23 سالہ اہلیہ حنا کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزم واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے ۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتولہ کے کم عمر بیٹے نے بیان دیا ہے کہ اس کے والد نے پہلے اس کی والدہ کو تشدد کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں تکیہ منہ پر رکھ کر قتل کردیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں